چین پاکستان اقتصادی راہداری گیم چینجر منصوبہ ہے : وزیر منصوبہ بندی

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) میں کوئی ایسا مطالبہ نہیں رکھا ہے جوپاکستان کے مفادات کے خلاف ہو۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا کوئی پہلو ایسا نہیںہے جس پر پارلیمنٹ میں بحث نہ ہو چکی ہو۔ا نہوں نے مزید کہاکہ سی پیک پاکستان کے لیے بالخصوص اور پورے خطے کے لیے بالعموم گیم چینجر منصوبہ ہے۔ہر وہ ملک جو ترقی کرنا چاہتا ہے اسے اسٹریٹجک پارٹنرشپ بنانا پڑتی ہے۔کیونکہ اسکے علاوہ ترقی کا اس دنیا میں کوئی تصور نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے میں کوئی خفیہ بات نہیں ہیں اور ہمارا دیرینہ ساتھی ملک چین ہم سے کوئی ایسا غیر منطقی مطالبہ نہیں کریگا جس سے پاکستان کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کا شفاف ترین منصوبہ ہے اور اس موضوع پر پارلیمنٹ کی اکاونٹس کمیٹی اور سینیٹ میں مفصل بحث ہو چکی ہے ، سی پیک کی تمام تفصیلات ویب سائٹ پر موجو ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کو اقتصادیات اور زراعت کے شعبوں میں مستحکم دیکھنا چاہتا ہے، ہمارے اور چین کے درمیان کوئی خفیہ ڈیل نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کا روڈ میپ ابھی تک آفیشلی طور پر منظور نہیں ہوا ، لیکن جیسے ہی منظور ہو گا اسکی تفصیلات سب کے سامنے لائی جائیں گی۔

Title: cpec a game changer | In Category: پاکستان  ( pakistan )
Tags: , ,