ایران سرزمین پاکستان پر کوئی کارروائی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا: عبد القادر بلوچ

اسلام آباد: سرحدی علاقوں کے وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ کا کہنا ہے کہ ایران ہماری خود مختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے اور اس کا پاکستان کی سرزمین پر کسی قسم کی کوئی کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے وہ پاکستان کے ساتھ تمام تنازعات کو سفارتی تعلقات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ذرائع کے مطابق عبدالقادر بلوچ نے سینیٹ اراکین کو پاک ایران تعلقات اور مشترکہ سرحدوں کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران ہماری خود مختاری اور جغرافیایی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور پاکستان سے بھی اسی طرح کے توقعات رکھتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان کی سرزمین میں کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور ایرانی فوجی حکام کے حالیہ بیانات کے حوالے سے ہمیں میڈیا کی غیرمصدقہ رپورٹوں پر توجہ نہیں دینا چاہئے۔عبدالقادر بلوچ کا مزید کہنا ہے کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تمام مسائل سفارتکاری کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے جس کی واضح مثال گذشتہ دنوں پاک ایران سرحد پر پیش آنے والے واقعے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دہشت گردانہ واقعے کے بعد پاکستان کی سیاسی و فوجی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ایران تمام معاملات کو سفارتی تعلقات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔

Title: iran respect our sovereignty says abdul qadir baloch | In Category: پاکستان  ( pakistan )