سوات میں ملا فضل اللہ کا معتمد خاص فضل اکبر سمیت کئی خطرناک دہشت گرد گرفتار

منگورا: مالاکنڈ خطہ کے اسپیشل پولس یونٹ کو جمعرات کی شام اس وقت زبردست کامیابی ملی جب اس نے سوات سے ملا فضل اللہ کے معتمد خاص اور دہشت گردی کی کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب دہشت گر فضل اکبر سمیت کئی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے سوات میں ایک خفیہ کارروائی کے ذریعے ملا فضل اللہ کے قریبی ترین اہم ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔انسداد دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی)کے حکام نے کہا کہ اس کی ایک ٹیم نے سوات کے علاقے کوزہ بانڈہ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی ۔
جس میں پکڑے جانے والوں میں ایک کی شناخت کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریب ترین ساتھی فضل اکبر کے طور پر ہوئی ہے جس کی بعد میں تصدیق بھی ہو گئی ۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فضل اکبر سنگین وارتوں میں ملوث ہے۔ تحریک طالبان کا گرفتار دہشت گرد ملا فضل اللہ سمیت دیگر دہشت گردوں کو اسلحہ، گولہ بارود، دستی بم اور سیکیورٹی فورسز کی جعلی وردیاں فراہم کرتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد فضل اکبر دہشت گردی کی کئی سنگین وارداتوں میں سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں اسلام کے نام پر دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہی ہے۔

Title: police arrest terrorist in swat | In Category: پاکستان  ( pakistan )