پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما ناز بلوچ نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خاتون رہنما ناز بلوچ نے پالا بدل کر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کرلی ۔نا ز بلوچ نے،جو کراچی سے تعلق رکھنے والی پی ٹی آئی کی اہم خاتون رہنماہیں، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے تحریک انصاف خود تبدیل ہوگئی اور انہیں پارٹی میں گھٹن محسوس ہونے لگی تھی۔ پریس کانفرنس کے دوران ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ لیکن اب انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اپنے گھر واپس آگئی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا عمران خان کی سندھ اور کراچی پر کوئی توجہ نہیں ہے، تحریک انصاف کی ساری توجہ صرف پنجاب پر ہے تاہم میں سندھ کی بیٹی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی اور نوجوانوں کو آگے لانے کا نعرہ لگایا لیکن آج عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہونے والے نوجوان نہیں ہیں۔ناز بلوچ نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف میں خواتین کی رائے کو اہمیت نہیں دی جاتی۔اس موقع پر ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی میں غیر مشروط پر شمولیت اختیار کی ہے میں پیپلزپارٹی کی قیادت آصف زرداری،بلاول بھٹو زرداری کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

Title: ptis naz baloch joins ppp | In Category: پاکستان  ( pakistan )
Tags: , ,