مجھے ہی کیوں دوش دیا جارہا ہے،نواز شریف کی ریلی میں باقی قیادت کہاں غائب ہے؟چودھری نثار

اسلام آباد:سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ نواز کے سینیئر لیڈر چوہدری نثار علی خان نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ریلی میں شریک نہ ہونے پر ہدف تنقید بنائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر انہیں ہی کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے باقی لیڈروں پر انگلی کیوں نہیں اٹھائی جا رہی جبکہ وہ بھی نواز شریف کی ریلی میں ندارد ہیں۔ چودھری نثار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی گھر واپسی کی ریلی کے حوالے سے مجھے متنازعہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟ نواز شریف کی ریلی میں مسلم لیگ نون کی اکثر لیڈر شپ کہاں غائب ہے؟سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی خواہش نہیں کی کہ وہ میاں محمد نواز شریف کی گاڑی چلا کر لاہور لے جائیں گا۔
باقی لیڈر شپ کہاں ہے جو صرف میرے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہجب نواز شریف اسلام آباد سے لاہور کی طرف چلنے لگے تو پنجاب ہاوس میں شاہد خاقان عباسی اور ان کی کابینہ کے افراد انہیں رخصت کرنے آئے ، اس موقع پر بھی دیگر اہم شخصیات موجود نہ تھیں، اگر میں وہاں نہ آسکا تو اس مسئلہ پر صرف مجھے ہی ہدف تنقید کیوں بنایا جارہا ہے؟چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ قابل افسوس امر یہ ہے کہ میڈیا میں بھی کچھ حلقے میرے نام کو اچھالتے ہیں اور اس پر بحث شروع کر دیتے ہیں۔ جبکہ میں نے کمر کے درد کو بہانہ نہیں بنایا اور نہ ہی ریلی میں شرکت سے قاصر رہنے کا کوئی سبب بیان کیا ہے۔واضح رہے کہ چوہدری نثار جوکہ مسلم لیگ نون کے اہم رہنما سمجھے جاتے ہیں، نواز شریف کی ریلی میں شریک نہیں ہیں جبکہ لاہور سے پہلے تک کی ریلی اور اس کے استقبال کی ذمہ داری بھی انہیں ہی سونپی گئی تھی۔

Title: never said would drive nawazs car to lahore chaudhry nisar | In Category: پاکستان  ( pakistan )